اگر کسی خاتون کے گردے کا آپریشن ہوا ہو اور اس وجہ سے وہ وضو کرتے ہوئے دائیں پیر کا مسح نہیں کر سکتی ہے، جبکہ باقی سارے اعضائے وضو کا دھونا اور مسح کر لیتی ہیں، بس صرف دائیں پیر کا مسح رہ جاتا ہے، تو اس کے لیے وضو مکمل کرنے کے لیے کیا طریقہ کار ہے یا کیا حکم ہے؟ اور اگر وضو کے بدلے میں کوئی دوسرا متبادل حکم ہے تو وہ بھی بتا دیجیے گا۔
مسح کرنا ارکانِ وضو میں سے ہے۔ اگر جھکنا کسی کے لیے مشکل ہے یا پیر تک ہاتھ پہنچانا اس کے لیے ضرر کا باعث ہو تو اس وقت اولاً یہ کہ کسی کی مدد سے ہی سہی اگر پیر اٹھا کر یا دوسرے کسی طریقے سے ہاتھ پیر تک پہنچا سکتے ہیں تو وہ کرے۔ اور اگر بائیں ہاتھ سے دائیں پیر کا بھی مسح کرنا اس کے لیے آسانی سے ممکن ہے تو ٹھیک ہے بائیں ہاتھ سے دونوں پیر کا مسح کریں۔ لیکن اگر یہ بھی نہیں کر سکتی تو حکم یہ ہے کہ وہ کسی لاٹھی یا کوئی دوسری چیز کی مدد سے ہاتھ کی تری پیر تک پہنچائیں اوراس چیز کے ذریعے مسح کرے۔